انقرہ ،2؍جنوری ( آئی این ایس انڈیا ) ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ انقرہ حکومت کی جانب سے روس اور ایران کے ساتھ مل کر شام میں فائربندی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کے بہت بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں چاوش اولو نے کہا کہ شام میں سلامتی کی صورت حال میں گزشتہ ایک برس میں ڈرامائی بہتری پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے تاہم کہا کہ اگر شام میں خانہ جنگی دوبارہ شدت پکڑتی ہے، تو اس سے مہاجرین کا نیا بہاؤ ترکی کا رخ کرے گا، جس کا لازمی دباؤ یورپ پر بھی پڑے گا۔ چاوش اولو نے کہا کہ روس سے اختلافات کے باوجود شام میں قیام امن کی کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر انقرہ حکومت کے موقف کو دہرایا کہ صدر اسد کو اقتدار سے الگ ہو جانا چاہیے۔